آپ ہیرا ، صدف ، نگیں ، کیوں ہیں ؟
آپ بے انتہا حسیں ، کیوں ہیں ؟
آپ کی کاکلوں کے جنگل میں
اتنی موسیقیاں مکیں ، کیوں ہیں ؟
چاند خود بھی نہیں سمجھ پایا
آپ اس درجہ مہ جبیں ، کیوں ہیں ؟
شمس حیراں ہے ، آپ کے عارض
پھول ہو کر بھی ، آتشیں کیوں ہیں؟
آپ اتنے دروغ گو ہو کر
اس قدر قابلِ یقیں ، کیوں ہیں ؟
شاعروں کے دلوں پہ آپ چلیں
گامزن ، برسرِ زمیں ، کیوں ہیں ,,,؟
جتنے بے رحم دلربا ہیں ، عدم
اتنے محبوب ، دلنشیں ، کیوں ہیں ؟
0 Comments